لاہور میں شفیق آباد پولیس نے دہشت کی علامت محمود عرف مودا کو6 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزمان قتل اور ڈکیتی کے 17 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ایس ایچ او شفیق آباد عتیق ڈوگر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور محمود بٹ کے ڈیرے پر چھاپہ مار کر مودا گینگسٹر، فانا بٹ، جعفر، خضر، صابر، مجاہد اور عارف کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان قتل اور ڈکیتی کے علاوہ بھتا خوری اور بدمعاشی کے مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔
ملزمان سے چار 9 ایم ایم پستول، 222 بور رائفل اور کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے۔ مودا گینگ نے راوی روڈ، شفیق آباد، لاری اڈا اور اسلام پورہ میں دہشت پھیلا رکھی تھی۔