ڈگری میں گزشتہ ہفتے کے دوران جرائم کے مختلف واقعات رونما ہوئے،نوسر بازوں نے لوگوں کو ہزاروں روپے کی رقم اور قیمتی اشیا سے محروم کردیا۔ منشیات برآمد کی گئی، شرابی باپ نے نشے میں دھت ہو کر اپنے دو بیٹوں کو نہر میں پھینک دیا۔ ایک بچہ ہلاک ہوگیا جب کہ دوسرے کو بچا لیا گیا۔ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کے واقعے میں ملوث چار ملزمان کو عدالت نے سزا سنادی۔ڈگری میں پولیس نے گٹکے کی بڑی مقدار پکڑ لی۔ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔ سند ھ فوڈ اتھارٹی کی ڈگری شہر میں کاروائی۔ ہوٹل، مٹھائی کی دکان، قلفی اور برف خانوں پر جرمانے عائدکیے گئے، 50 سالہ شخص نے معصوم بچے کوزیادتی کا نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق ڈگری میں مختلف جرائم کے ساتھ نوسر باز گروہ بھی سرگرم ہو گیا ہےاور اس نے مختلف علاقوں میں لوگوں کو ٹھگ کر رقوم اور قیمتی اشیا سے محروم کردیا۔ڈگری میرواہ روڈ پر واقع حمزہ بیٹری سینٹر کے مالک جاوید راجپوت اور ڈینٹر ملک اشفاق سے نوسرباز گروہ کا ایک کارندہ ہزاروں روپے کے قیمتی موبائل فونز اور لگ بھگ دس ہزارروپے کی نقد رقم لے کر رفو چکر ہوگیا۔ ڈگری میں شرابی باپ کے ہاتھوں اپنے ہی لخت جگر کے قتل کا واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق کے نواحی گائوں صالح جروار کی دیہہ 189 میں پیش آیا جہاں میں درندہ صفت سنگدل باپ نے اپنے دو معصوم بچوں کو نہر میں پھینک دیا۔جنگ کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق گائوں صالح جروار میں ظالم باپ نے نشہ میں دھت ہوکر اپنے دو بچوں کو نہر میں پھینک دیا۔ ایک بچے کو بچالیا گیا،جبکہ دوسرا بچہ نہر میں ڈوب کر ہلاک ہو گیاجس کی لاش نکال لی گئی۔ڈگری پولیس نے ملزم گرفتار کرلیا۔اس افسوس ناک واقعہ کے متعلق گاؤں کے لوگوں نے بتایا کہ شراب کے عادی باپ کانیو کولہی نے شراب کے نشے میں دھت ہوکر اپنے دو معصوم بچوں دو سالہ ساجن اور پانچ سالہ گووند کو نہر میں پھینک دیا ۔گائوں کے لوگوں نے ان میں سے ایک پانچ سالہ بچے کو بچا لیا جبکہ دوسرا بچہ نہر میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ اس کی لاش انتہائی تلاش کے بعد نکالی گئی۔ پولیس نےقاتل کو حراست میں لے کر واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔
ضلع میرپورخاص کی انسداددہشت گردی کی عدالت نے لڑکی سے اجتماعی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر چار ملزمان کو عمر قید اور جرمانہ کی سزا سنادی ہے۔ دو ملزمان کو عدم ثبوت کےباعث بری کردیاگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ ڈینگان بھرگڑی کی حدود گاؤں سہراب لاشاری میں چند ماہ قبل حیدرآباد سےآنے والی 19 سالہ لڑکی کو چھ افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ زیادتی کا شکار ہونے والی لڑکی کی شکایت پر مذکورہ ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 08/2019 زیر دفعات 376 II کے تحت ڈیگان تھانے میں درج کیا گیا تھا، جس پرعدالت نے فیصلہ سنایا۔ چھ میں سے چار ملزمان کوسزاسنائی گئی جب کہ دو کو عدم ثبوت پر بری کردیا گیا ۔
ڈگری پولیس اور سی آئی اے میرپورخاص کی مشترکہ کاروائی میں گٹکوں کی 20 بوریاں برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیاجبکہ دو افراد فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ڈگری پولیس اور سی آئی اے میرپورخاص نے بائی پاس کے قریب مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے گٹکہ برآمد کرکے ڈگری تھانے پر تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق ڈگری کے قریب بائی پاس پر ایک کار سے گٹکوں سے بھرے 20 کھٹے اتارے جارہے تھے کہ پولیس نے چھاپہ مارا۔ ایک شخص سوائی مالہی کو 20 گٹکوں کے کھٹوں سمیت گرفتار کرکے تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ڈگری پولیس نے ٹنڈو غلام علی روڈ ٹالہی اسٹاپ کے قریب سے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پانچ تھیلیاں گٹکے کی برآمد کرکے منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم کو حوالات میں بند کردیا۔
سندھ فوڈ اتھارٹی میرپور خاص ڈویژن کی ٹیم نے ڈگری شہر میں قلفی اور برف کے مختلف کارخانوں، بیکری اور ریسٹورنٹ پر کارروائی کی۔ کارروائی ڈائریکٹر آپریشنز II امتیاز علی ابڑو اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز سیّد غلام مہدی کی ہدایات پر کی گئی۔ 08 انسپیکشن کیے گئے اور 1,40,000 کے جرمانے عائد کیے گئے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر عمل کرنے اور اپنا بزنس رجسٹرڈ کروانے کے لیے 15 دنوں کی مہلت دی گئی۔اس دوران برف کے کارخانوں اور مٹھائی کی دکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے۔. صفائی نہ ہونے پرمٹھائی کی دودکانیں،ایک آئس فیکٹری، اور ایک ہوٹل کے خلاف کارروائی کرکے جرمانہ عائد کرکے وارننگ جاری کی گئی۔
ڈگری پولیس نے دوران گشت دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے الگ الگ مقدمات درج کرلئے۔تفصیلات کے مطابق ڈگری پولیس نے پیٹرولنگ کے دوران توفیق پیٹرول پمپ کے قریب سے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 40 پڑیاں ہیروئن کی برآمد کرکے منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے لاک اپ کردیا۔ دوسری کارروائی میں ڈگری ٹنڈو غلام علی روڈ پر گرڈ اسٹیشن کے قریب سے ایک اور منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سےگٹکے کی 150 پڑیاں برآمد کرکے ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے لاک اپ کردیا۔
دیھ 160 میں ڈگری پولیس آسٹیشن کی حدود میں ایک شخص 50 سالہ راحیمل ولد خانا بھیل نے گوٹھ کے ہی رہائشی 11 سالہ لڑکے کیشور بھیل کے ساتھ زبردستیزیادتی کی۔ لڑکے کے ورثاء نے ڈگری پولیس اسٹیشن میں واقعہ کی رپورٹ درج کروائی جس پر پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم راحیمل کوگرفتار کرلیا۔