واشنگٹن / نئی دہلی / تہران(نیوز ایجنسیز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک کروڑ 60؍ لاکھ 46؍ ہزار 986؍ تک پہنچ گئی ہے۔امریکا 41لاکھ 78ہزار مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست، برازیل ، روس اور بھارت میں وائرس پھیلنے کی رفتار تیز ہوگئی ہے ۔ کئی ممالک میں گزشتہ روز ریکارڈ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ، بھارت میں گزشتہ 24؍ گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 48661نئے متاثرین اور 705؍ اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔ایران میں بھی ہلاکتیں بڑھ گئیں اور اتوار 216؍ اموات ہوئیں جبکہ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ طبی عملہ کورونا سے لڑتے لڑتے تھک گیا ہے ۔ ادھر شمالی کوریا میں کورونا کو پہلا مریض سامنے آگیا ہے جس کا اعلان شمالی کوریائی سربراہ کم جونگ ان نے کیا اور حکام نے شمالی کوریائی شہر کی سانگ کو لاک ڈاؤن کردیا جو جنوبی کوریا کی سرحد کے قریب واقع ہے ۔ اسپین میں پھر سے کورونا کیسز بڑھنے کے باوجود حکومت کا کہنا ہے کہ صورتحال کنٹرول میں ہے جبکہ برطانیہ نے اسپین کو اپنی ٹریول کوریڈور کی فہرست سے نکالنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپین سے آنے والے مسافروں کو قرنطینہ کیا جائے گا۔ جرمنی میں 174مزدوروں میں کورونا کی تصدیق کے بعد فارم ہاؤس سیل کردیا گیا ہے ۔اٹلی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکام نے اہم اقدامات کرنا شروع کردیئے اور ماسک نہ پہننے پر ایک ہزار یورو تک جرمانہ کیا جارہا ہے ۔ جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس و انجینئرنگ کے مرکز نے دنیا بھر میں نوول کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ ممالک میں مصدقہ کیسز کے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے ہیں، یہ اعدادوشمار 26جولائی کے ہیں۔