اسلام آباد، ناروال (نمائندہ جنگ، آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر سے تحریک انصاف کے نصف اراکین اسمبلی( ن) لیگ سے رابطے میں ہیں تاکہ انکی جماعت اگلے الیکشن میں انہیں ٹکٹ دے سکے۔
تمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں کہ اس حکومت کو جلد رخصت کرنا ہی ملک اور عوام کے مفاد میں ہے، حکومت کو معیشت کی الف ب کا بھی علم نہیں، ملکی معیشت بگڑنے پر سرمایہ کار اپنا پیسہ ملک سے باہر لے جا رہے ہیں، اناڑی ڈرائیور کی وجہ سے ملک تباہی کے دحانے پر پہنچ گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد اور شکر گڑھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے کہا ہر رکن قومی اسمبلی کو نظر آ رہا ہے کہ اگلے الیکشن میں تحریک انصاف کی ٹکٹ جنت کی نہیں، جہنم کی ہو گی اسلئے وہ سب اس کشتی سے چھلانگ لگانا چاہتے ہیں لیکن ہم ابھی کسی کو ہاتھ نہیں پکڑا رہے، اتنی قربانی دینے کے بعد بھی اگر ہم دوبارہ لوٹوں کو اپنی جماعت میں شامل کرینگے تو یہ غیر مناسب ہوگا۔