• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے اپنے والد بھارتی شاعر ہریونش رائے بچن کو یاد کرتے ہوئے اُن کی خوبصورت نظم شیئر کی ہے۔

عالمی وبا کووڈ 19 کا شکار ہونے والے بھارتی اداکار امیتابھ بچن آج کل ممبئی کے ایک اسپتال میں اپنا علاج کروا رہے ہیں اور صحت یابی کی طرف گامزن ہیں، اسپتال میں بیماری اور اکیلے پن میں امیتابھ بچن کو اُن کے والد کی یاد ستانے لگی ہے ۔

امیتابھ بچن سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آتے ہیں اور اپنی پرانی فلموں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں ۔

حال ہی میں اسپتال میں زیر علاج امیتابھ بچن نے اپنے والد بھارتی معروف شاعر ہریونش رائے بچن کو یاد کرتے ہوئے اُن کی ایک خوبصور ت نظم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پ شیئر کی ہے۔

77 سالہ امیتابھ بچن کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک کرسی پر ہاتھ میں ایک پرانی کتاب تھامے ہوئے بیٹھے ہیں اور کتاب کے ورق پلٹ رہے ہیں جبکہ ویڈیو میں اُن کے والد کی لکھی ہوئی نظم سنائی دے رہی ہے ۔

ہریونش رائے بچن کی نظم کے بول کچھ یوں ہیں، ’ہے اندھیری رات پر دیوا جلانا کب منع ہے ۔‘

واضح رہے کہ امیتابھ بچن گزشتہ دنوں عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد اُنہیں ممبئی کے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا اور وہ اس وقت بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

بچن خاندان کے چار لوگ عالمی وبا کا شکار ہوئے تھے جن میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے بچن اور ارادھیا بچن شامل ہیں جبکہ جیا بچن کورونا سے محفوظ ہیں۔

تازہ ترین