• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدنان صدیقی اور انجلینا جولی کی تصویر وائرل

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی کی ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرا م پر عدنان صدیقی نے انجلینا جولی کے ہمراہ ایک تصویر پوسٹ کی، اداکار کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصویر فلم ’دی مائٹی ہارٹ‘ کے سیٹ کی ہے جس میں اُنہوں نے ہالی ووڈ اداکارہ اور بھارتی اداکار عرفان خان کے ساتھ کام کیا تھا۔


تصویر پوسٹ کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے لکھا کہ ’یہ تصویر ماضی کی بہترین اور دھماکہ خیز یادوں میں سے ایک ہے۔‘

عدنان صدیقی نے لکھا کہ ’یہ تصویر اُس وقت کی ہے جب میں خوبصورت انجلینا جولی کے ساتھ فلم ’دی مائٹی ہارٹ‘ کے ایک منظر کی عکس بندی کر رہا تھا۔‘

اداکار کی پوسٹ پر پاکستان کی صف اول اداکارہ ماہرہ خان نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’او یار! واقعی آپ کی کہانیاں سونے کی طرح چمچماتی اور قیمتی ہیں۔‘

واضح رہے کہ فلم ’دی مائٹی ہارٹ‘ سال 2007 میں ریلیز ہوئی تھی، ’دی مائٹی ہارٹ‘ میں عدنان صدیقی کا کام کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔ اس فلم کی ہدایتکاری مائیکل ونٹر بوٹم نے دی تھی اور یہ فلم مقتول امریکی صحافی ڈینیل پرل پر بنائی گئی تھی، جن کی یادداشتیں ان کی بیوہ میریان نے مہیا کی تھیں۔

اس فلم میں عدنان صدیقی نے دوست الیانی کا اور انجلینا جولی نے ڈینیل کی بیوی کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم ڈینیل پرل کی بیوہ کی تحریر کردہ کتاب پر مبنی ہے جس میں ڈینیل کے اغوا اور قتل کا پورا واقعہ شامل ہے۔ فلم میں ڈینیل کا اغوا اور ان کی بیوی کی جانب سے انہیں تلاش کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔

اس فلم میں عدنان صدیقی کے ساتھ بھارتی لیجنڈری اداکار عرفان خان نے بھی کام کیا تھا۔

تازہ ترین