• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وارنر بردارز کی جانب سے فلم ’ٹینیٹ‘ آئندہ ماہ ریلیز کرنیکا اعلان

لاس اینجلس(مانیٹرنگ ڈیسک) وارنرز بردارز کی جانب سے آئندہ ماہ اگست میں فلم کو ریلیز کرنے کے اعلان کیا گیا ہے۔ اگرچہ اب بھی امریکا اور یورپی ممالک سمیت دنیا کے تمام خطوں میں سینما بند ہیں اور تاحال کسی ملک نے واضح طور پر سینما کھولنے کا اعلان بھی نہیں کیا۔تاہم اس کے باوجود ہولی وڈ پروڈکشن ہاؤس وارنر بردارز اور فلم ساز کرسٹوفر نولان نے اپنی نئی فلم ’ٹینیٹ‘ کو 26 اگست سے دنیا بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔خبر رساں ادارے کے مطابق وارنر برادرز اور اے ٹی اینڈ ٹی اسٹوڈیو نے 27 جولائی کو اعلان کیا کہ فلم کو آئندہ ماہ 26 اگست سے ریلیز کیا جائے گا۔پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے فلم کو ریلیز کرنے کے اعلان کا امریکا اور یورپ سمیت دیگر خطوں کے سینما مالکان نے خیر مقدم کیا ہے، تاہم حکومتی عہدیداروں نے فلم کی ریلیز کے اعلان پر تاحال کوئی رد عمل نہیں دیا۔’ٹینیٹ‘ کا پہلا ٹریلر دسمبر 2019 میں سامنے آیا تھا، جس سے سائنس فکشن فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل تھا۔ اب تک کسی کو معلوم نہیں کہ ’ٹینیٹ‘ کی کہانی کس مسئلے کے گرد گھومتی ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ فلم میں ممکنہ طور تیسری ایٹمی جنگ چھیڑنے اور اسے روکنے کے مسئلے کو دکھایا جائے گا۔فلم کو پہلے جولائی 2020 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کورونا وائرس کی وجہ سے مذکورہ فلم سمیت کئی بڑی فلموں کی نمائش کو بھی ملتوی یا منسوخ کردیا گیا تھا۔شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق ٹینٹ کو سب سے پہلے 26اگست کو یورپی ممالک بیلجیئم، کروشیا، بلغاریہ، ڈینمارک، اسٹونیا، فن لینڈ، فرانس، ہالینڈ، ہنگری، آئس لینڈ، اٹلی، لتھوانیا، سوئیڈن، سوئٹزرلینڈ، سربیا اور برطانیہ میں ریلیز کیا جائے گا۔دلچسپ بات یہ کہ اسٹوڈیو نے مذکورہ فلم کو 26 اگست کو مصر، انڈونیشیا، ترکی اور جنوبی کوریا میں بھی ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ٹینٹ کو اگلے ہی دن 27 اگست کو مزید ممالک میں ریلیز کیا جائے گا اور اسی دن فلم کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں ریلیز کیا جائیگا۔

تازہ ترین