• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افسوس کی بات ہے کراچی کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا ہے،گورنر سندھ

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات ہے کراچی کو ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا ہے، جبکہ کراچی کو ٹھیک کرنے کے لئے ایک دوسرے کو الزام دیا جاتا ہے۔

گورنر سندھ نے میئر کراچی وسیم اختر کے ساتھ کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بلیم گیم ہے کوئی حل نہیں دے رہا، وزیر اعظم کو کہا ہے کہ کراچی اس طرح نہیں چل سکتا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او حکام کراچی آئے، جبکہ وفاق کی توجہ اب سو فیصد کراچی پر مرکوز ہوگئی ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ اس سمری کے تحت کراچی کی صفائی کا کام فوری شروع ہو جائے گا، کراچی میں بند نالوں کو کھولنے کا کام فوری شروع کیا جائے گا اور نالوں سے نکلنے والا گند مناسب جگہ ٹھکانے لگایا جائے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کو بھی اجلاس کے لئے دعوت دی تھی، ہم سندھ حکومت سے ملکر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں کے دوران بلدیاتی نظام فیل ہو گیا، کراچی میں بارش میں گاڑیاں اور لوگ بہہ گئے، جبکہ شہر میں جو لوگوں پر گزری ہے اس کا ہم اندازہ بھی نہیں لگا سکتے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی میں نالوں پر جو تعمیرات ہیں انہیں دوسری جگہوں پر آباد کیا جانا چاہیے۔

میئر وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے تمام مسائل کا حل آرٹیکل 140 اے میں چھپا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آئین پر عمل در آمد کرائیں۔

وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے منتخب لوگوں کو اختیارات اور وسائل ملنا چاہئیں۔

تازہ ترین