ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی آپریشن کی تیاریاں مکمل، اس بارے میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے سرکٹ ہائوس میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہو کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور تلف کرنے کی بھر پور تیاری کر رکھی ہے، عید کے ایام میں 11500 ٹن آلائشیں اٹھانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جب کہ عید صفائی آپریشن میں 2394 ورکرز اور 420 گاڑیاں حصہ لیں گی، انہوں نے مزید کہا کہ 25 افسران صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کریں گے، اس سلسلہ میں ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ ممبران اسمبلی صفائی کی صورتحال چیک کرنے کے لئے اپنے حلقوں کا دورہ کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ میں خود عید کے ایام میں فیلڈ کا وزٹ کرکے کمپنی کی کارکردگی کو مانیٹر کرونگا۔