• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، شہری نے نماز فجر کے بعد ہی 4 بکرے ذبح کرادیئے

کراچی کے علاقے گلشن جمال میں سنت ابراہیمی کے فریضے کے شرعی طریقہ کار سے لاعلم شہری نے قصاب کے کہنے پر نماز عید کی ادائیگی کی بجائے نماز فجر کے فوری بعد چار بکرے ذبح کر ادیئے۔ 

تفصیلات کے مطابق گلشن جمال کے رہائشی ایک شہری نے علاقے کی مسجد میں نماز عید کی ادائیگی کی اور گھر پہنچ کر قصاب کا انتظار کرنے لگے۔ 

شہری کے مطابق سالہا سال سے ایک ہی قصاب نماز عید کی ادائیگی کے فوری بعد سب سے پہلے ان کے ہاں قربانی کرنے آتا رہا ہے مگر اس عید پر وہ طے شدہ وقت پر نہیں پہنچا اور اس کے موبائل فون پر کال اٹینڈ نہیں ہو رہی تھی۔ 

شہری کے مطابق ان کے ہاں قصاب صبح ساڑھے 8 بجے پہنچا تو اس کے حلیے سے لگ رہا تھا کہ وہ پہلے کہیں قربانی کرکے آیا ہے۔ 

استفسار پر قصاب نے بتایا کہ اسے صبح سویرے ہی اس محلے میں خرم نامی شہری کے گھر پر چار بکرے ذبح کرنے کا کام مل گیا تھا جو اس نے نماز فجر کے فوری بعد ذبح کر دیئے اور جلدی جلدی گوشت بنا کر ابھی فارغ ہوا ہے۔ 

نماز عید کی ادائیگی سے قبل ہی بکرے ذبح کرانے والے شہری سے استفسار کیا گیا تو انہیں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے شرعی طریقے کا پتہ ہی نہیں تھا۔ 

انہوں نے اپنے پڑوس کے گزشتہ سالوں کے کئی حوالے دیئے کہ لوگ نماز فجر سے قبل بھی قربانی کرتے دیکھے گئے ہیں جو صبح سویرے فارغ ہوچکے ہوتے ہیں۔ 

جب شہری کو یہ بتایا گیا کہ وہ دوسرے یا تیسرے دن کی قربانی ہوتی ہے جو طلوع آفتاب سے قبل کی جاسکتی ہے مگر پہلے دن قربانی کرنے کے لے قربانی دینے والے کا نماز عید پڑھنا ضروری ہوتا ہے۔ 

سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے لاعلمی پر چار بکرے ذبح کرنے والی شہری کو قربانی کے لیے دوبارہ بکرے خریدنے پڑے۔

تازہ ترین