• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یومِ استحصالِ کشمیر : شوبز شخصیات کے پیغامات


مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے گزشتہ روز پاکستان سمیت دنیا بھر میں منائے گئے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاکستانی معروف شخصیات بھی مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے۔

شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں بھارت کا مکروہ چہرہ بےنقاب کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔

مہوش حیات:

پاکستان میں تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات نے یومِ استحصال کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ ’مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم اور جابرانہ کریک ڈاؤن کا ایک سال مکمل ہوگیا۔‘

انہوں نے لکھا کہ مظلوم کشمیری گزشتہ 365 دن سے اندھیرے، در اور اذیت سہتے ہوئے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

مہوش نے لکھا کہ ’کشمیریوں پر جاری مظالم کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، کاہلی اور سستی مسئلہ کشمیر کا حل نہیں، ہمیں اُٹھنا ہوگا اپنی آواز اس ظلم و بربریت کا شکار لوگوں کیلئے بلند کرنی ہوگی اور انہیں اس سے نجات دلانی ہوگی۔

انہوں نے لکھا کہ ’کشمیریوں کی زندگی اہمیت رکھتی ہے۔‘

عاصم اظہر:

نوجوان گلوکار عاصم اظہر نے ’کشمیر‘ لکھا مفلر پہنے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ہمارے کشمیری بہن بھائی ہمیشہ ہماری دعاؤں میں رہتے ہیں۔‘

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں عاصم کا کہنا تھا کہ وہ کشمیر کیلئے ہمیشہ دعاگو ہیں۔

فرحان سعید:

گلوکار فرحان سعید نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ ’میں جموں کمشیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔‘

انہوں نے لکھا کہ  وہ مظلوم کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی پورے دل سے حمایت کرتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ دعاگو ہیں کہ اللہ کشمیری عوام کو جلد آزادی سے نوازے(آمین)۔

واضح رہے کہ پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں پھیلے پاکستانیوں نے گزشتہ روز کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے یومِ استحصالِ کشمیر منایا۔

گزشتہ سال 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے اور جموں و لداخ کو کشمیر سے الگ کرنے کی غیر قانونی کوشش کی تھی۔

تازہ ترین