وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و استحکام کے لیے کاوشوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، خطے میں قیام امن کی کاوشوں میں پاکستان اور امریکا اتحادی ہیں۔
وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
وزیرخارجہ نے سلامتی کونسل میں کشمیر متعلق مباحثے میں امریکا کی شرکت پر امریکی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغان مسئلے کے مستقل سیاسی حل کے لیے کوششوں میں معاونت جاری رکھے گا۔
انہوں نے ’افغان امن عمل‘ کی کامیابی کے لیے بین الاافغان مذاکرات کے جلد انعقاد پر زور دیا اور کہا کہ لویا جرگہ کے انعقاد سے بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی۔