کراچی میں تین روز کی بارش میں کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔
شہر قائد میں گزشتہ تین روز میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں سڑکیں، گلی اور محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔
اسی دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات پیش آئے جن میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔
شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ کئی جگہ بجلی بندش کا دورانیہ چودہ گھنٹوں تک پہنچ گیا۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کرنٹ کے واقعات گھروں کی اندرونی خراب وائرنگ سے پیش آئے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ کسی حادثے کا تعلق کے الیکٹرک کے انفرا اسٹرکچر سے نہیں ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سبب بننے والا چوتھا سسٹم کل دوپہر تک کمزور پڑ جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تین روز کے دوران سب سے زیادہ بارش پی ایف بیس فیصل پر 171 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
سرجانی ٹاؤن میں 149.6، گلشن حدید 148.5، اولڈ ایئر پورٹ 130.7، صدر 120 اور یونیورسٹی روڈ پر 104.7، ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔