• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن APC، تاخیر کاخطرہ، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کردار سے فضل الرحمٰن ناراض، عید کے بعد کانفرنس کی یقین دہانی کے باوجود ن لیگ تاحال خاموش

اپوزیشن APC، تاخیر کاخطرہ


اسلام آباد (طاہر خلیل) پیپلزپارٹی اور ن لیگ اے پی سی کے معاملے پر ایک پیج پر نہ آسکیں، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس مزید تاخیر کا شکار ہوگئی، پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) کی خاموشی کے بعد آئندہ کی حکمت عملی پر غور شروع کردیا،مسلم لیگ (ن) نے عید کے فوراً بعد اے پی سی سے متعلق یقین دہانی کرائی تھی، ذرائع نے کہاکہ عید گذرنے کے باوجود ن لیگ تاحال خاموش ہے، جسکے بعد پیپلزپارٹی نے اے پی سی بلانے پر غور شروع کردیا ہے، پیپلزپارٹی کے ذرائع نے کہاکہ غور کیا جا رہا ہے کہ اے پی سی بلاکر ن لیگ کو شرکت کی دعوت دی جائے،یہ مسلم لیگ (ن) پر منحصر ہے کہ وہ اے پی سی میں شرکت کرتے ہیں یا نہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بلز کی منظوری کے دوران بڑی جماعتوں کے کردار سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ناراض ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی نے حکومت کیخلاف اکیلے تحریک چلانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں،اس سلسلے میں مولانافضل الرحمٰن نے 7 ستمبر کو پشاور میں احتجاجی جلسے اور ریلی کی کال بھی دیدی ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ احتجاجی تحریک سے قبل مولانافضل الرحمٰن نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سے تحریری معاہدے کی شرط بھی رکھ دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں اتفاق نہ ہونے پر پیپلزپارٹی اور فضل الرحمن کا الگ الگ پرواز پر غورشروع کر دیا ہے۔دریں اثنا وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہےکہ کدھر گئی حزب اختلاف کی آل پارٹیز کانفرنس، آگے محرم آنےوالا ہے میں ٹرین نہیں چلا رہا یہ تحریک کیا چلائیں گے یہ گفتگو انہوں نے لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کی،سابق اسپیکر قو می اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) آل پارٹیز کانفرنس کی اہم پارٹی ہےاورمسلم لیگ (ن) کی قیادت اے پی سی میں شرکت کے فیصلے پر قائم ہے ، سردار ایاز صادق نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو میں کہاکہ پی پی پی کے ساتھ میں مکمل رابطے میں ہوں ،اے پی سی رابطہ کمیٹی کے کنو نیز اکرم درانی سے احسن اقبال کے تازہ رابطے ہوئے ہیں اور آئندہ ہفتے اے پی سی ایجنڈے کی تیا ری مکمل ہو جا ئیگی۔ ایاز صادق نے کہاکہ اے پی سی ہو گی اور اسی ماہ ہو گی۔ذرائع کے مطابق حزب اختلاف میں اعتماد کی کمی کے باعث ابھی تک اے پی سی کی تاریخ تو کیا اس کا ایجنڈا بھی طے نہیں ہوسکا اور اسکی بڑی وجہ بھی دونوں جماعتوں کا ایک پیج پر نہ آنا ہے۔

تازہ ترین