اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ نے ایک اور اہم ہدف حاصل کر لیا ہے،نیلم جہلم پاورپلانٹ نیشنل گرڈ کو 10ارب یونٹ بجلی مہیاکرچکاہے،2019-20ء کے دوران پلانٹ نے ٹارگٹ سے 18کروڑ 30لاکھ یونٹ زیادہ نیشنل گرڈکودئیے، پلانٹ پیداواری عمل شروع ہونے کے بعد سے اب تک نیشنل گرڈ کو مجموعی طور پر 10ارب یونٹ پن بجلی مہیا کرچکا ہے، نیلم جہلم پلانٹ نے یہ سنگ میل گزشتہ شب عبور کیا، پلانٹ سے پیدا ہونیوالی بجلی کی بدولت 120ارب روپے کی آمدنی حاصل ہو چکی ہے، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ موثر آپریشن کی بدولت متعین سالانہ پیداوار سے بھی زیادہ بجلی پیدا کررہا ہے، مالی سال 2019-20ء کے دوران پلانٹ سے بجلی کی پیداوار کا ہدف 4ارب 66کروڑ یونٹ تھا لیکن اس دوران پلانٹ سے نیشنل گرڈ کو 4ارب 84کروڑ 30لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی گئی جو ٹارگٹ سے 18کروڑ 30لاکھ یونٹ زیادہ ہے، پاور پلانٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت 969میگاواٹ ہے ۔