• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا مریض، پاکستان  ممالک کی فہرست میں 12ویں سے 14 ویں نمبر پر آگیا


پاکستان میں مسلسل نئے کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی ہو رہی ہے، جبکہ اس سے شفایاب ہونے والے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 12ویں سے 14 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 753 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، مزید 10 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 867 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 674 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 139 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 16 ہزار 475 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 783 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 64 ہزار 60 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 24 ہزار 929 ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 297 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 94 ہزار 865 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 179 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 34 ہزار 947 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 235 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 323 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 173 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بحال

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 12 ہزار 44 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 138 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 2 ہزار 402 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 58 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 2 ہزار 164 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 59 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 19 ہزار 221 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 22 لاکھ 5 ہزار 664 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

تازہ ترین