وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اندرون سندھ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) جی ٹی روڈ کی پارٹی بن کر رہ گئی ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے ہر ادارے اور ہر کام کو سیاسی بنایا۔
غلام سرور خان نے کہا کہ اداروں کو کمزور کرنا پاکستان کی سالمیت کو کمزور کرنا ہے، نیب آفس کے وقار کا خیال رکھنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 11 اور 12 تاریخ کو پیشی کا فرق سب نے دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ گاڑیوں میں پتھر لے کر آئے، یہ مسلم لیگ (ن) کی تاریخ ہے، 1997 میں سپریم کورٹ میں پورے پاکستان سے غنڈے منگوائے گئے۔
غلام سرور خان نے کہا کہ اداروں پر حملے ن لیگ کی تاریخ ہے اس پر غداری کا مقدمہ بھی بننا چاہیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے نظریے سے ہٹ گئی ہے۔