• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کا خلائی اسٹیشن پر پانچ روزہ قیام مکمل، زمین پر واپسی کا سفر شروع

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز 

پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر تقریباً 5 روز قیام کے بعد زمین پر واپسی کا سفر شروع کردیا ہے۔ وہ چین کے خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔

محمد ذیشان علی 25 نومبر کو شین ژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے خلائی اسٹیشن پہنچے تھے۔ یہ چین کا پہلا انسان بردار خلائی مشن تھا جس میں کسی غیر ملکی خلا باز نے شرکت کی۔

محمد ذیشان علی کی خلائی اسٹیشن پر موجودگی پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون کی اہم پیش رفت ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان خلائی تعاون کا آغاز 1990 کی دہائی کے اوائل میں ہوا تھا، جس کے تحت چین نے پاکستانی سیٹلائٹس بھی خلا میں بھیجے۔

خلائی مشن کے دوران محمد ذیشان علی نے پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے چار مشترکہ پاک چین تجربات میں حصہ لیا۔ ان تجربات کا تعلق حیاتیاتی علوم اور مٹیریل سائنس سے تھا۔

وہ شین ژو 23 مشن کے عملے کے ارکان ژانگ ژی یوان اور، لی جیا ینگ کے ہمراہ زمین پر واپس آرہے ہیں۔ ژانگ ژی یوان واپسی کے مشن کے کمانڈر ہیں، جبکہ، لی جیا ینگ ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی پہلی خلا باز اور چین کی چوتھی خاتون خلا باز ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شین ژو 23 کا واپسی کیپسول زمین کی فضا میں کنٹرولڈ ری انٹری کے بعد شمالی چین کے ڈونگ فینگ لینڈنگ مقام پر اترے گا۔ خلائی اسٹیشن سے علیحدگی کے بعد زمین تک واپسی کا سفر تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

سپارکو کے مطابق خلائی جہاز 29 نومبر کو بیجنگ کے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 42 منٹ پر خلائی اسٹیشن سے الگ ہوا۔

خلائی اسٹیشن سے روانگی سے قبل خلا بازوں نے تمام ضروری انتظامی اور سائنسی امور مکمل کیے۔ اس دوران تجرباتی ڈیٹا کی منتقلی اور خلائی اسٹیشن کا انتظامی ریکارڈ بھی مکمل کیا گیا۔

سپارکو کے مطابق خلاباز ژانگ ژی یوان، لی جیا ینگ اور محمد ذیشان علی جلد زمین پر واپس پہنچیں گے۔

قومی خبریں سے مزید