• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی الیکشن ، انتخابی فہرستوں کی نظرثانی،ووٹرز آگاہی مہم کا آغاز

پشاور(نامہ نگار)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عنقریب ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے تمام بقایا امور فوری طورپر نمٹانے کا کام شروع کردیا ہے جو کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکے تھے ۔ اس سلسلہ میں تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور نادرا کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن تمام اضلاع میں 16ستمبر 2020 کو 11کروڑ 23لاکھ سے زائد رائے دہندگان پر مشتمل تجدید شدہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کریگا۔ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات 8300شارٹ میسج سروس پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر حاصل کرسکیں گے اور اضلاع میں قائم رجسٹریشن افسران اور اسٹنٹ رجسٹریشن افسران کے دفاتر میں فارم برائے اندراج / منتقلی / درستگی ووٹ بھی جمع کرواسکیں گے ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk پرفارم - 21برائے اندراج / منتقلی ووٹ، فارم-22 برائے اعتراض / حذف ووٹ ، فارم-23 برائے درستگی کوائف اور تمام دفاتر ،جہاں فارم جمع کروانے کی سہولت دی جاری ہے، کی تفصیلات دستیاب ہونگی۔ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 39 کے مطابق ووٹ کا اندراج، منتقلی اور درستگی الیکشن شیڈول جاری ہونے تک ممکن ہے اور الیکشن شیڈول جاری ہونے پر اسے عارضی طور پر روک دیا جاتا ہے۔ مزید براں الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 25 کے مطابق تجدید شدہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے بعد تیس لاکھ سے زائدافراد کو بطور رائے دہندگان /ووٹر درج کیا جائے گا جن کے نام پہلے فہرستوں میں درج نہیں ہیں ۔الیکشن کمیشن عنقریب ووٹرز آگاہی مہم شروع کررہا ہے جس میں رائے دہندگان کو آگاہی دی جائے گی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے پہلے اپنے ووٹ کے درست اندراج کو اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا موجودہ پتہ کے مطابق یقینی بنائیں اور انتخابات میں اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں۔
تازہ ترین