مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کے علاوہ کوئی نظام نہیں چل سکتا، ہم نے بہت کچھ حاصل کیا لیکن یہ بھی سچ ہے کہ ہم اپنی منزل حاصل نہیں کر سکے۔
سعد رفیق نے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی مذہبی کارڈ کبھی غدار اور آج کل ایک دوسرے کو چور قرار دے رہے ہیں، اس طرح قومیں آگے نہیں بڑھتیں، گالی کا جواب گالی سے نہیں دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک قدم آگے جاتا ہے تو دو قدم پیچھے، عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے، گالیاں دیکر مخالفین کو جیلوں میں ٹھونس کر کچھ حاصل نہیں کرسکتے۔
سعد رفیق نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم و ستم بڑھ رہا ہے، کشمیر کو آزاد ہونا چاہیے۔
سعد رفیق نے کہا کہ سب سے زیادہ ظلم ہماری جماعت پر ہوا ہے اس کو روکا جائے، ہم چاہتے ہیں کہ آپ تختیاں لگائیں پر ادھورے منصوبے ضرور پورے کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایک نیا میثاق جمہوریت اور میثاق معاشیات ہونا چاہیے، تحریک انصاف کو بھی میثاق پر دستخط کرنا چاہئیں اور احتساب کا چورن بند ہونا چاہیے۔