• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

73 واں جشن آزادی ملی جذبے اور جوش و خروش کیساتھ منایا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملک بھرکی طرح کراچی میں بھی 73واں جشن آزادی ملی جذبے اور جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا،مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب کاانعقاد ہوا ،پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، گارڈز کی جانب سے بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کو سلامی دی گئی، قومی ترانے کی دھن بجائی گئی،مہمان خصوصی نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے،اس موقع پر فوجی بینڈ نے مسحور کن دھن بجائی،دریں اثنا وزیرِ اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ اور گورنر عمران اسماعیل،ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ اوررینجرز افسران نے بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، کمشنرکراچی افتخارشالوانی بھی موجود تھے، اس موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوش حالی کے لیے دعا بھی کی گئی، وزیرِ اعلیٰ نے مزارِ قائد آمد پر گورنر عمران اسماعیل کا استقبال کیا اور ان سے مصافحہ بھی کیا،گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ آزادی پر ہمارے دلوں میں کشمیریوں کا دکھ ہے، ہم نے آج اس تقریب کو 2 وجوہات سے سادہ رکھا ایک کورونا اور دوسرے کشمیریوں کے دکھ کی وجہ سے،باورکرانا چاہتے ہیں حکومت پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی،عمران اسماعیل نے کہاکہ امید ہے رب جلد مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرائے گا، وزیراعلیٰ نےکہا کہ ایک سال سے بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر پربے پناہ مظالم ڈھائے ،ضرورت ہے کہ شہیدبھٹوکے بنائے آئین پر عمل کریں، 14اگست کی تقریب کوکوروناکی وجہ سے سادہ رکھاگیاہے ،ہم شاید سپریم کورٹ کو اپنے اقدامات کے بارے میں صحیح بات بتا نہیں سکے، ضلع وسطی میں ویسٹ مینجمنٹ کام نہیں کر رہا، اس وقت ضرورت ہے پوری قوم متحد رہے ، دنیاسے کہتا ہوں کشمیریوں کو ظلم سے نجات دلائیں ، ہم جلد کشمیریوں کو آزادی دلائیں گے،علاوہ ازیں کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان ،رابطہ کمیٹی کے رکن و وفاقی وزیر سید امین الحق نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے وفد کے ہمراہ یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی مزار قائد پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں کو ملک کے 73 ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ مادر وطن ہزاروں بزرگوں، نوجوان، عورتوں اور بچوں نے اپنی جانوں کے نزرانے دے کرحاصل کیا گیا،جعفر یہ الائنس پاکستان کے وفد نے مزار قائد پر حاضری دی وفدکی قیادت جعفر یہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی نے کی رہنماوں نے بانی پاکستان قائد اعظم کے مزار پر فاتحہ خوانی کی ا ور پھولوں کا گلدستہ رکھا اور ملکی سلامتی و استحکام کی خصوصی دعا کروائی،شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

تازہ ترین