• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی لیجنڈری اداکارہ سکینہ سمو نے پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے حق میں آواز اٹھا دی ہے ۔

پاکستانی گلوکار بلال سعید اور اداکارہ  صبا قمر نئے گانے ’قبول‘ کی شوٹنگ کے دوران تاریخی مسجد میں ڈانس کرنے پر تنازع کا شکار ہو گئے تھے ، مسجد میں ڈانس ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دونوں فنکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے اُن پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

اداکارہ صبا قمر کے خلاف مقدمہ دفعہ 295 کے تحت درج کیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں بلال سعید کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید نے مسجد کا تقدس پامال کیا لہٰذا ان دونوں کے خلاف کارروائی کی جائے  گی۔

اسی سلسلے میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ ، ہدایتکارہ اور پروڈیوسر سکینہ سمو نے فوٹو، ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن پر ایک صبا قمر کے حق میں ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں انہوں نے پاکستان کے دیگر فنکاروں سے بھی اداکارہ صبا قمر کا ساتھ دینے کا کہا ہے ۔

سکینہ سمو نے اپنی پوسٹ میں صبا قمر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ بڑے افسوس کے ساتھ کہہ ہوں کہ یہ سراسر غلط ہے، صبا قمر ایک اچھی اداکارہ اور رحم دل انسان ہے، وہ اپنی دنیا میں خوش ہے اور آج تک صبا نے کبھی کسی کے ساتھ برا نہیں کیا ہے۔‘


سکینہ سمو نے مزید لکھا کہ ’ وہ سمجھتی ہیں کہ صبا قمر کے ساتھ یہ سراسر نا انصافی ہے اور صبا پر مقدمہ کرنا اُن کی صلاحیتوں کی توہین ہے، چیزوں کو بہت بڑھاوا دیا گیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’وہ صبا کے اچھے ارادوں پر بھروسہ کرتی ہیں اسی لیے وہ صبا کی حمایت کرتی ہیں،‘ سکینہ نے اپنی پوسٹ میں دیگر فنکاروں سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’فنکار برادری کو صبا قمر کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، اگر ہم آج صبا کے لیے آواز نہیں اٹھائیں گے تو یہ سب کل کسی اور کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔‘

سکینہ سمو کی جانب سے اپنی پوسٹ کے آخر میں فنکار برادری اس معاملے سے متعلق خبردار رہنے کے لیے بھی کہا گیا۔

تازہ ترین