• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ،بھاری مقدار میں جعلی ادویات برآمد ،کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ بلوچستان کی اسپیشل کمیٹی براے محکمہ صحت نےڈبل روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے گودام سے بھاری مقدار میں جعلی ادویات قبضے میں لے لی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی محکمہ صحت کےذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی اسپیشل کمیٹی براے محکمہ صحت کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم کٹکیزئی کو اطلا ع ملی تھی کہ ڈبل روڈ پر واقعہ ایک گودام میں بھاری مقدار میں جعلی ادویات موجود ہیں جس پر سنیئر ڈرگ انسپکٹرز سرور خان کاکڑ اور دیگرعملےنےچھاپہ مار کر گودام سے بھاری مقدار میں مشکوک ادویات انجکشن اور گولیاں تحویل میں لے لیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق گودام میں ادویات بغیر وارنٹی،بغیر ڈرگ سیل لائسنس اور بغیر ڈسٹری بیوشن اتھارٹی کے رکھی گئی تھیں جبکہ مالکان کے پاس ادویات کی کوئی قانونی دستاویزات موجود نہ تھی۔ترجمان کے مطابق ادویات کھلے آسمان تلے دھوپ میں رکھی ہوئی تھیں جبکہ گودام ادویات اسٹاک کرنے کے لیے نہایت ہی غیر موزوں اور نامناسب تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ ادویات انتہائی ارزاں قیمت پر کراچی سے خریدی گئی تھیں اور کوئٹہ میں آدھی قیمت پر فروخت کی جانی تھیں تمام ادویات سرکاری قبضے میں لے کر ٹیسٹ کے لیے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بھجوا دی گئیں اور ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت کیس رجسٹرڈ کرکے مزید کاروائی کے لئے کوالٹی کنٹرول بورڈ بھجوا دیا گیا۔ تاہم اس موقع پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔ 
تازہ ترین