ملتان میں کیبل آپریٹرز نے چیئرمین پیمرا سےملاقات کی، ملاقات میں چیئرمین پیمرا نےکیبل آپریٹرز کو محرم الحرام کے تقدس سے متعلق جاری ہدایت نامے پر عمل کی تلقین کی ہے۔
چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے ملتان میں پیمرا کے ریجنل آفس کا دورہ کیا، جہاں انہیں کیبل پر غیراخلاقی مواد سے متعلق کارروائیوں سےآگاہ کیا گیا۔
چیئرمین پیمرا کو بتایا گیا کہ ریجنل ٹیمیں مختلف شہروں اور دیہات میں کیبل نیٹ ورکس کی چیکنگ کررہی ہیں۔
اس موقع پر کیبل آپریٹرز کے وفد نے بھی چیئرمین پیمرا سےملاقات کی۔
چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کو تلقین کی کہ محرم الحرام میں اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ نشر کیے جانے والے چینل مذہبی، معاشرتی، سماجی اور اخلاقی اقدار کے مطابق ہوں۔
چیئرمین پیمرا نے عملے کو ہدایت کی کہ انٹرنیٹ سے لیے گئے چینلز اور مواد کی ترسیل کو روکا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔