• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔

عدالت نے شہباز شریف کے صاحب زادے کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم بھی دیا جبکہ وارنٹ سے متعلق آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔

عدالت نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف کے قابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری بھی جاری کیئے۔

احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، دونوں بیٹیوں کو بھی طلب کر لیا۔

رمضان شوگر مل ریفرنس میں میاں شہباز شریف کے دوسرے صاحبزادے اور مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کو کمرۂ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔

دورانِ سماعت شہباز شریف نے احتساب عدالت کے جج کے روبرو کہا کہ فاضل جج صاحب! میں نے اپنے دور میں کروڑوں روپے بچائے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے قومی خزانے کو آج تک نقصان نہیں پہنچایا، ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی، خزانے سے تنخواہ تک نہیں لی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کے اندراربوں روپے کی سرمایہ کاری لے کر آیا ہوں، جج صاحب! اللّٰہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی قسم کھاتا ہوں کہ کبھی عوام کے پیسے کو نقصان نہیں پہنچایا۔

فاضل جج نے کہا کہ شہباز شریف صاحب! بے فکر رہیں قانون کے مطابق بڑے غور سے عدالت الزامات کا جائزہ لے گی، اگر الزامات جھوٹے ہوئے تو آپ اس عدالت سے باعزت بری ہوں گے۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اللّٰہ تعالیٰ اور آپ کی عدالت پر یقین ہے۔

عدالت نے شہباز شریف کی استدعا پر انہیں کمرۂ عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

رمضان شوگر ملز ریفرنس، فرد جرم کی کارروائی کیلئے شہباز، حمزہ طلب

فاضل جج نے کہا کہ آپ کی حاضری مکمل ہو چکی ہے، آپ جا سکتے ہیں۔

شہباز شریف رمضان شوگر ملز ریفرنس کیس میں آئندہ پیشی پر دوبارہ پیش ہوں گے۔

اس سے قبل شہباز شریف پیشی کے لیے احتساب عدالت میں پہنچے تو ان کی آمد پر نون لیگی کارکنوں نے نعرے بلند کیے۔

شہباز شریف نے نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی صحت پر حکومت سیاست کر رہی ہے، حالانکہ حکومت نے ہی نواز شریف کو اجازت د ےکر باہر بھیجا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اے پی سی تمام سیاسی جماعتیں مل کر کریں گی، اشیائے خورد ونوش کی قیمتیں بہت بڑھ چکی ہیں۔

تازہ ترین