احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور انکے بیٹے حمزہ شہباز کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے ذاتی حیثیت میں11 جون کو طلب کرلیا ہے۔
احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت کی، جیل حکام نے حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش نہ کیا جس پر عدالت نے ایس پی ہیڈکوارٹر کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر حمزہ شہباز کو ہر حال میں عدالت پیش کیا جائے۔
عدالت نے شہباز شریف کے نمائندے کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر شہباز شریف ذاتی حیثیت میں پیش ہوں کیونکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی کمرہ عدالت موجودگی میں رمضان شوگر ملز میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔
عدالت نے دونوں باپ بیٹے کو 11 جون کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔
دوسری جانب آشیانہ ہاؤسنگ ریفرنس میں ملزمان کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور شہباز شریف کے شریک ملزم شاہد محمود کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 4 ماہ میں ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنے کا حکم دے رکھا ہے، لہذا آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنائی جائے تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر عدالت نے آشیانہ کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف گواہوں کو طلب کرلیا۔