• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارشوں سے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید نقصان، درجنوں ہلاکتیں

بارشوں سے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید نقصان، درجنوں ہلاکتیں


لاہور،سوات،پشاور،سیالکوٹ(این این آئی ، جنگ نیوز) ملک بھر میں جاری بارشوں سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے، چھتیں گرنے اور سیلابی ریلوں سے 28افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہو گئے، سوات اور کوہستان میں23 افراد ریلے میں بہہ گئے ،9 لاشیں نکال لی گئی ہیں ،لائچی نالے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد سیلاب میں بہہ گئے، تین خواتین کی لاشیں مل گئی ہیں ، بچوں سمیت 4 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔نالوں میں طغیانی کے باعث 40 مکانات اور رابطہ پلوں سمیت دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا،لاہور میں دو مقامات پر چھتیں گرنے سے 4افراد جاں بحق جبکہ 2خواتین زخمی ہوگئیں ،وزیرا علیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنےہلاکتوں اور خواتین کے زخمی ہونےپر افسوس کا اظہارکیا ہے۔سیالکوٹ کےنالہ پلکھو میں طغیانی سے پل بہہ گیا، کئی دیہی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔سوات اور کوہستان میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے،ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا اسلم کے مطابق مدین میں شاہ گرام اور تیرات نالے میں طغیانی سے کئی مکانات بہہ گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ نالوں میں طغیانی کے باعث 40 مکانات اور رابطہ پلوں سمیت دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ڈی سی سوات نے 17 افراد ریلے کے پانی کے ریلے میں بہہ جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ باقی لاشوں کی تلاش اور علاقے میں امدادی کارروائی جاری ہیں۔ ادھر کوہستان کے دور افتادہ گاؤں لائچی نالے میں اْنچے درجے کے سیلاب نے تباہی مچادی اور سیلاب میں ایک ہی خاندان کے سات افراد سیلاب میں بہہ گئے۔ کوہستان پولیس کے مطابق اب تک تین خواتین کی لاشیں مل گئی ہیں ، بچوں سمیت 4 افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ادھر چلاس میں شاہراہ قراقرم پر تتہ پانی سے لال پڑی کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور پہاڑی تودہ گرنے سے ٹینکر کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔

تازہ ترین