• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیروز خان نے کنگنا رناوت کو چائے کی دعوت دے دی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کو ٹرول کرتے ہوئے انہیں پاکستان میں چائے پینے کی دعوت دے دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم فیئر کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے کنگنا رناوت کی نئی فلم ’تیجاس‘ کا پوسٹر شیئر کیا گیا جس میں کنگنا بھارتی فضائیہ کی یونیفارم پہنے لڑاکا طیارے کے سامنے کھڑی ہیں۔

فیروز خان نے اس پوسٹر پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ’نئے لڑاکا طیارے؟ کبھی وقت نکال کر ہمارے ساتھ چائے پینے آئیں۔‘

خیال رہے کہ 27 فروری 2019 کو بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پکڑ کر پاک فضائیہ کی جانب سے چائے پیش کی گئی تھی جسے انہوں نے ’ٹی از فنٹاسٹک‘ کہہ کر اپنی پسندیدگی کا اظہار بھی کیا تھا۔

فیروز خان کو اپنے اس ٹوئٹ پر پڑوسی ملک میں موجود مداحوں کی جانب سے خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور نہ ختم ہونے والی بحث کا آغاز بھی ہوا۔

اس بحث کا جواب دیتے ہوئے اداکار نے لکھا میں ہمیشہ اس چیز پر لڑتا رہوں گا جو میرے خیال میں ٹھیک ہے، مجھے فرق نہیں پڑتا کوئی کیا سوچتا ہے۔

یاد رہے کہ 26 فروری علی الصبح بھارتی فوج کی جانب سے حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بالاکوٹ اورمقبوضہ کشمیر پر حملہ کیا گیا تھا۔

جس کا پاک فضائیہ نے بھر پور جواب دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اہم ٹارگٹس کو لاک کیا اور پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی مگ طیاروں کو مار گرایا تھا۔ اس دوران تباہ ہونے والے ایک طیارے کا ملبہ پاکستانی حدود میں گرا جب کہ اس کے پائلٹ ابھی نندن کو بھی زندہ گرفتار کیا گیا جسے بعد میں جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کردیا گیا۔

تازہ ترین