پشاور(نمائندہ جنگ)’’خیبرپختونخوا ہائی ویز اتھارٹی‘‘ کی جانب سے پشاور چارسدہ روڈ پر واقع برطانوی راج کے دوران تعمیر کردہ لوہے کے تاریخی پلوں کو مسمار کرنے کے منصوبے کاانکشاف ہوا ہے،ایک پل کو مسمار کیا جاچکا ہے جبکہ تین مذید پلوں کو مسمار کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ،صوبائی محکمہ آثار قدیمہ نے خیبرپختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کی جانب سے پشاور چارسدہ روڈ پر واقع انگریز دور حکومت میں لوہے کے تاریخی پلوں کو مسمار کرنے کے منصوبے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی محکمہ مواصلات و تعمیرار ت سے تاریخی پلوں کی مسماری کے فیصلے پر عمل درآمد روکنے اور اسے اپنی اصل حالت میں بحال کرنے کی درخواست کی ہے۔اس سلسلے میں محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے سیکرٹری مواصلات تعمیرات کے نام ارسال کئے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا ہائی ویز اتھارٹی نے پشاور چارسدہ روڈ کی تعمیر اور بحالی کے منصوبے پر عمل درآمد کے دوران چارسدہ روڈ پر واقعہ انگریز دور حکومت میں تعمیر ہونے والے لوہے کے تاریخی پلوں جو کہ ایک تاریخی ورثہ ہے کو بھی مسمار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔