• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی ناکام، بھارت کورونا کیسز میں دوسرے نمبر پر آگیا

نیویارک،دہلی (جنگ نیوز) مودی سرکار کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے کورونا بھارت میں بے قابو ہو چکا ہے، اتوار کو انڈیا میں 90ہزار سے زائد کورونا وائرس کے متاثرین کی تشخیص ہوئی ہے جو ایک دن میں سامنے آنے والے مریضوں کی دنیا کے کسی بھی ملک میں اب تک سب سے زیادہ تعداد بنتی ہے۔

کورونا کے مریضوں کے حوالے سے بھارت دوسرا بڑا ملک بن گیا، انڈیا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 41 لاکھ 97 ہزار ہو گئی، بھارت میں مزید 1 ہزار 60 ہلاکتوں کے بعد مجموعی اموات 71 ہزار 739 ہوگئی ہے، دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 لاکھ 86 ہزار تک پہنچ گئی۔ 

آسٹریلیا کی حکومت نے وکٹوریا کے سب سے زیادہ متاثرہ شہر دارالحکومت میلبورن میں 28 ستمبر تک لاک ڈاؤن میں توسیع کردی ہے۔ 

ریاست کے سربراہ ڈینئیل اینڈریو نےمیڈیا کو بتایا کہ ہم اس وقت شہر کو نہیں کھول سکتے اور اگر بندشیں ختم کردیں تو کنٹرول نہیں رہے گا۔ رپورٹس کے مطابق وکٹوریہ میں کورونا کے کیسز میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ 

برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا اورگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 988 نئے متاثرین کی تصدیق کی گئی۔ 

برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق برطانیہ میں کورونا سے اموات کی شرح بدستور کم ہوئی ہے اور 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ایک ہزار 813 کیسز سامنے آئے تھے۔ 

مہلک وائرس سے برازیل میں مزید 646، امریکا 707اور میکسیکو میں475 اموات ہوئیں ،ایران میں مزید 110 افراد جان سے گئے۔

تازہ ترین