• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روزانہ ایک گھنٹہ ورزش... بچوں کی ذہنی نشونما کیلئے اہم

جہاں ایک طرف جدید سائنس نے انسان کے لیے کئی آسائشیں پیدا کردی ہیں تو وہیں دورِ جدید کی تیز رفتار زندگی نے انسان کو فطرت سے بھی دور کردیا ہے۔ آج کے زمانے میں انسان ’’اِن ڈور‘‘ ہوکر رہ گیا ہے۔ ہم اپنے اِرد گِرد بھی اگر ایک نظر دوڑا کر دیکھ لیں تو اندازہ ہوگا کہ ہم میں سے زیادہ تر لوگ گھر میں اور کام کی جگہ پر بھی ایک چھت تلے اپنا زیادہ تر وقت گزارتے ہیں۔ 

دورانِ سفر بھی زیادہ تر لوگ ایک طرح سے ’’اِن ڈور‘‘ ہی رہتے ہیں۔ ہمارا یہ ’’لائف اسٹائل‘‘ دیکھنے میں تو ہمیں بہت ہی سہل اور پُرآسائش معلوم ہوتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس کی وجہ سے ہم سست ہورہے ہیں اور ہماری صحت بھی متاثر ہوتی جارہی ہے کیونکہ سہل پسندی کے باعث ہمارا مدافعتی نظام ’’کمزور‘‘ اور ’’نازک‘‘ ہوتا جارہا ہے۔

ماہرین کے مطابق، آج کے تیز رفتار دور میں فطرت سے جُڑے رہنے اور اچھی صحت کو قائم رکھنے کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ انسان اپنے روز مرہ کے معمولات میں روزانہ کی بنیاد پر ورزش کے لیے وقت مختص کرے۔ ورزش کا اوسط یومیہ دورانیہ 30منٹ سے کم نہیں ہونا چاہیے، تاہم عالمی ادارہ صحت کے مطابق، ہر شخص کو روزانہ ایک گھنٹے تک ورزش کرنی چاہیے۔ بدقسمتی سے دنیا بھر کے نوجوانوں کو اس اہم روزمرہ کی سرگرمی کے لیےنہ تو فرصت ملتی ہے اور نہ ہی انھیں ضروری وسائل دستیاب ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کیا کہتا ہے؟

صحت کے عالمی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں 11 سے 17 سال کی عمر کے ہر 5میں سے 4بچے صحت مند طرزِ زندگی کے لیے درکار ورزش نہیں کر رہے۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے کیا جانے والا یہ اپنی نوعیت کا ایسا پہلا جائزہ تھا جس میں بتایا گیا ہے کہ درکار ورزش نہ کرنے کی وجہ سے بچوں کی ذہنی نشوونما اور معاشرتی صلاحیتیں متاثر ہو رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ ایک گھنٹے کی ورزش نہ کرنے کا مسئلہ غریب اور امیر دونوں ممالک میں موجود ہے۔

ورزش اور صنفی فرق

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے یہ جائزہ 146ممالک میں لیا گیا۔ ان میں سے چار ممالک ایسے ہیں، جہاں لڑکیاں، لڑکوں کے مقابلے میں زیادہ ورزش کرتی ہیں، ان میں ٹونگا، ساموئا، افغانستان اور زیمبیا شامل ہیں۔ باقی 142ملکوں میں لڑکیوں کے مقابلے میں لڑکوں کے ورزش کرنے کا دورانیہ زیادہ ہوتا ہے۔ 

تحقیق کے مطابق ورزش میں سب سے آگے بنگلہ دیشی بچے ہیں مگر وہاں بھی 66 فیصد بچے ایک گھنٹے کی ورزش نہیں کر رہے۔ فلپائن میں لڑکے (93 فیصد) اور جنوبی کوریا میں لڑکیاں (97 فیصد) سب سے کم ورزش کر رہے ہیں۔ برطانیہ میں 75 فیصد لڑکے اور 85 فیصد لڑکیاں مجوزہ ہدف تک ورزش نہیں کر رہے۔ تحقیق کے مطابق عالمی سطح پر 85فیصد لڑکیاں مجوزہ ورزش نہیں کر پا رہیں جبکہ 78فیصد لڑکے ایسا نہیں کر رہے۔

ورزش کیا ہے؟

بنیادی طور پر ورزش ہر اس جسمانی سرگرمی کو کہا جاسکتا ہے، جس سے انسانی دل کے دھڑکنے کی رفتار تیز ہواور پھیپھڑوں کو زور سے سانس لینا پڑے۔ ان سرگرمیوں میں بھاگنا، سائیکلنگ، تیراکی، فٹ بال کھیلنا اور دیگر شامل ہیں۔ ایک دن کے لیے درمیانی سے شدید ورزش کا ہدف 60 منٹ کا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق، ایک گھنٹے کی ورزش کوئی ’’بہت مشکل ہدف نہیں ہے‘‘۔ اگر آپ کو اچھی صحت چاہیے اور نوجوانوں کو اچھی صحت کے ساتھ اچھا ذہن اور نشوونما چاہیے تو انھیں روزانہ ایک گھنٹے کی ورزش کرنی چاہیے۔ 

روزانہ باقاعدگی سے ورزش کرنے کے قلیل مدتی سے لے کر طویل مدتی فائدے ہیں۔ انسان ورزش کرکے فوری طور پر جو فوائد حاصل کرسکتا ہے، ان میں بہتر ذہنی صحت، متعدل وزن، مضبوط پٹھے اور ہڈیاں، صحت مند دل اور پھیپھڑے شامل ہیں۔ طویل مدتی فوائد میں ورزش کرنے والا شخص زیادہ دیر تک توانا، صحت مند اور جوان رہتا اور بڑھاپے کی بیماریوں جیسے الزائمر، ہڈیوں کا بھربھراپن وغیرہ سے محفوظ رہتا ہے۔

مزید برآں، عالمی ادارہ صحت کے مطابق، ’صحت مند بچوں کے صحت مند نوجوان بننے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ نیز ان کے دل کے امراض اور ذیابطیس میں مبتلا ہونے کے امکانات بھی کم ہوتے ہیں۔ اس بات کے بھی زیادہ سے زیادہ شواہد مل رہے ہیں کہ ورزش ذہنی نشوونما کے لیے بھی اہم ہے۔ بچوں کو چیزیں سیکھنے میں زیادہ آسانی ہوتی ہے، ان کا معاشرتی برتاؤ بہتر ہوتا ہے اور ان کا ذہن زیادہ تیز ہوتا ہے‘‘۔

کم ورزش کے رجحان کی وجوہات

ماہرین کے مطابق، ورزش کرنا یا نہ کرنا درحقیقت آپ کی ترجیحات پر منحصر ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے جائزے میں کم ورزش کرنے کی وجوہات کو تو شامل نہیں کیا گیا، تاہم کچھ باتیں عام رجحان معلوم ہوتی ہیں۔ ایک وجہ جسمانی صحت کے مقابلے میں تعلیمی کارکردگی پر توجہ ہے۔ رپورٹ کے مصنفین میں سے ایک لیئین رائلی کہتی ہیں، ’’اس عمر کے بچوں کو پڑھائی پر زور دینے کے لیے بہت کہا جاتا ہے۔ 

وہ اکثر دن کا ایک بڑا حصہ بیٹھ کر پڑھنے میں گزار دیتے ہیں، اسی لیے انھیں ورزش کے مواقع کم ملتے ہیں‘‘۔ محققین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کھیلوں کی سہولیات کے محفوظ ہونے، ان تک رسائی اور ان کی لاگت کم ہونے کے حوالے سے بھی خدشات سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ، خطرناک سڑکوں کا مطلب ہے کہ کسی دوست کے گھر یا اسکول تک سائیکل پر یا پیدل جانا اب آپشن نہیں ہے۔

محققین کے مطابق، نوجوانوں میں کم ورزش کی ایک وجہ اسمارٹ گیجٹس کا عام ہونا بھی ہے۔ ویڈیو گیمز، انٹرٹینمنٹ فون، ٹیبلٹ یا کمپیوٹرز کے زائد استعمال کی وجہ سے بھی بچوں کے پاس ورزش کے لیے وقت نکالنا ممکن نہیں رہتا۔

تازہ ترین