• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد امریکی نے ٹرمپ کو پھر پیچھے چھوڑ دیا

امریکی جریدے ’فوربز‘ کی جانب سے دنیا کے 400 امیر ترین و ارب پتی شخصیات کی سال 2020ء کی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں پاکستانی نژاد امریکی شاہد خان 66 ویں نمبر پر ہیں جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدستور دوسری بار 275 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

کاروباری معتبر جریدے ’فوربز‘ کی جانب سے جاری کردہ 2020ء کی فہرست کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص ایمزون کے بانی اور سی ای او جیف بزوز بدستور تیسری بار پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ہیں۔

رواں ہفتے منگل کو جاری کی گئی فہرست میں مزید بتایا گیا ہے کہ دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوز کی دولت 179 بلین امریکی ڈالر ہے جبکہ بل گیٹس 111 بلین امریکی ڈالر کے مالک ہیں اور فیس بُک کے سی ای او مارک زکربرگ کی دولت 85 بلین ڈالر ہے جن کا نمبر اس فہرست میں تیسرا ہے۔

اس کے علاوہ فوربز فہرست کے مطابق اس سال سب سے زیادہ فیصد کے لحاظ سے دولت حاصل کرنے والے امریکی ٹیکنالوجی و آٹو کمپنیوں اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے مالک ایلون مَسک ہیں جنہوں نے گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال 242 فیصد زیادہ دولت کمائی، ایلون مَسک اس وقت 68 بلین امریکی ڈالر کے مالک ہیں ۔

واضح رہے کہ فوربز کی فہرست میں پاکستانی نژاد امریکی تاجر70 سالہ شاہد خان 66 ویں نمبر پر ہیں اور ان کی دولت پچھلے سال کے مقابلے میں کم ہو کر 7.8 بلین ارب ڈالر ہے جو گزشتہ سال 8 بلین ارب ڈالر تھی۔

فوربز فہرست میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے امیر ترین 400 شخصیات میں شاہد خان پاکستان کے واحد فرد شامل ہیں۔

شاہد خان محض 16 برس کی عمر میں پاکستان سے امریکا منتقل ہوئے تھے اور اُس وقت اُن کی جیب میں صرف  500 ڈالر تھے۔

پاکستانی نژاد شاہد خان نے 1980ء میں خود کو ملازمت دینے والے ایک شخص سے آٹو پارٹس کی کمپنی خریدی تھی جو ان کی اصل کمائی ہے اور اب اسی کمپنی کے دنیا بھر میں 66 پلانٹس ہیں اور اس کمپنی کے ملازمین کی تعداد ہزاروں میں ہے ۔

تازہ ترین