عمرکوٹ (نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2011ء کی طرح وفاق آج بھی سیلاب متاثرین کی مدد کرے ، شاہ محمود قریشی سیلاب زدہ علاقوں میں وزیراعظم کو ساتھ لیکر آئیں ، عوام ان کو تب تک نہ چھوڑیں جب تک وہ وطن کارڈ نہ دیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سندھ کے مختلف اضلاع کے بارش اور سیلاب متاثرین کا دورہ کرتے ہوئے عمرکوٹ قریب گاؤں کھاروڑو سید میں وزیر سیاحت و ثقافت سندھ سید سردار شاہ کی رہائش گا پر پہنچے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ پارٹی عہدیداران سے ملاقات کی اور گاؤں کھاروڑو سید میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ویسے تو عمرکوٹ کا درد الاپتے ہیں مگر اس بارش کی خطرناک تباہی میں عمرکوٹ کے لوگوں کی مدد کرنے کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو لیکر آنا چاہئے۔