اسلام آباد، لاہور (جنگ رپورٹر)لاہور موٹر وے پر شرمناک وقوعہ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے حاضرسروس جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کے قیام اور سی سی پی اولاہور محمد عمر شیخ کوان کے عہدے سے فارغ کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائرکردی گئی ،شائستہ تبسم سلطانپوری ایڈووکیٹ اور معراج ترین ایڈووکیٹ نے ہفتہ کے روز جہانگیر جدون ایڈووکیٹ کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 184(3)کے تحت دائر کی گئی درخواست میں وفاق پاکستان،آئی جی پنجاب،آئی جی موٹر ویز اور سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ کو فریق بنایا گیا ہے ۔دوسری جانب مریم فرید خواجہ ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس کے نام لکھی گئی درخواست میں ان سے سانحہ موٹروے پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا کی ہے،درخواست میں غفلت ولاپرواہی کی ذمہ دار ی کا تعین کرنے اور ملزمان کو فوری طور پرگرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ادھرلاہور سے نمائندہ جنگ کے مطابق موٹر وے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا ازخود نوٹس لینے کیلئے سپریم کورٹ ہیومن رائٹس سیل میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست رانا نعمان اور مدثر چوہدری کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ واقعہ انتہائی سنگین اور پولیس کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سپریم کورٹ خاتون سے زیادتی کا ازخود نوٹس لے اور سی سی پی او لاہور کے خلاف کارروائی کا حکم دے ۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے جوڈیشل انکوائری کرنے کا حکم دیا جائے۔