• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان میں نئے کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 17 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 665 نئے کورونا کیسز سامنے آ گئے، مزید 4 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 499 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 89 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 393 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے ملک میں 5 ہزار 936 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 571 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 90 ہزار 760 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 32 ہزار 591 ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 448 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 97 ہزار 946 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 220 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 37 ہزار 140 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 257 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 984 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 178 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: انڈونیشیا، ماسک نہ پہننے پر قبر کھودنے کی سزا

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 13 ہزار 690 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 145 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 3 ہزار 297 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 79 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے اب تک 2 ہزار 441 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 66 مریض وفات پا چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 97 کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 30 لاکھ 24 ہزار 987 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

تازہ ترین