• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذہنی غلامی سے نکل کر نالج اکانومی کی طرف جانا ہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ پاکستان کواب اپنا راستہ بنانا ہے اور ذہنی غلامی سے نکلنا ہے، ہمیں اب نالج اکانومی کی طرف جانا ہے، کوشش ہے تعلیم پر زیادہ سے زیادہ وسائل صرف کریں۔

ہری پور میں وزیراعظم عمران خان نے آسٹریا فیکووچ شول انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کردیا، افتتاحی تقریب سےخطاب میں ان کاکہنا تھا کہ پوری قوم کو پیسہ بچا کر تعلیم پر خرچ کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ نے انسان کےہاتھ میں کوشش رکھی ہے، کامیابی وہ دیتا ہے، انہوں نے بتایا کہ جب پہلی دفعہ انگلینڈ گیا تو سینیئرز کہتے تھے کہ گوروں سے عزت سے ہار گئے تو بہت ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ ہمیں عزت کی غلامی والی سوچ ختم کرنی ہوگی، یہ تاثر کہ مغرب ہی ترقی کر سکتا ہے ہم نہیں، ہمیں اب ایجاد کرنا ہوگا، ہم میں ہرشعبے میں آگے بڑھنےکی صلاحیت ہے، پہلے دوسال ہم تعلیم پرتوجہ نہیں دے سکے۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ سی پیک کےدوسرے مرحلے میں داخل ہورہےہیں، اس وقت بقا کی جنگ لڑرہے تھے، ہماری معیشت تباہی کے دہانے پر تھی، سوچ رہے ہیں کہ ایسا قانون لایا جائے جس کےذریعے ایسٹ ریکوری یونٹ کرپٹ لوگوں سے جو پیسہ واپس لے وہ سب تعلیم پرخرچ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اب نالج اکانومی کی طرف جانا ہے، پختونخوا کی حکومت نےجتنےبھی کام کیےاس میں سب سے بہتر یہ کام تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی شرح زیادہ اور ترقی بھی ممکن ہے، بگ ڈیٹا، مصنوعی انٹیلی جنس اور دیگر ٹیکنالوجی سے مدد لینی چاہیے، ہمیں اپنے ذہنوں کو آزاد کر کے ترقی کا راستہ اپنانا ہوگا

واضح رہے کہ ہری پور میں قائم کیا گیا پاک آسٹریا فیکوچ شول انسٹیٹیوٹ میں فوڈ ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں بھی خصوصی کورسز ہونگے۔

اس حوالے سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ پاک آسٹریا انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی تعلیم کا مثالی ادارہ ثابت ہوگا۔

ان کاکہنا تھا کہ حکومت کا سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم سے متعلق وژن واضح ہے، حکومت صنعتی اور سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔

تازہ ترین