• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نااہلی کیس میں فیصل واؤڈا کو جواب داخل کرانے کےلیے 14 اکتوبر تک مہلت


اسلام آباد ہائیکورٹ نے نااہلی کیس میں وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کو جواب داخل کرانے کے لیے 14 اکتوبر تک مہلت دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کو الیکشن میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت چھپانے اور جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے پر بطور رکن قومی اسمبلی نااہل قرار دینے کی درخواست پر جواب داخل کرانے کے لیے 14 اکتوبر تک مہلت دے دی ہے۔

جسٹس عامر فاروق نے وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کی نااہلی درخواست پر سماعت کی۔

میاں فیصل ایڈووکیٹ کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ فیصل واؤڈا نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت چھپائی اور دہری شہریت نہ رکھنے کا جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا جبکہ وہ اس وقت دہری شہریت رکھتے تھے۔

کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے پوچھا کہ الیکشن کمیشن میں بھی کوئی معاملہ زیر التوا ہے؟ فیصل واوڈا کے وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن میں بھی نااہلی کا کیس چل رہا ہے۔

فیصل واؤڈا کی طرف سے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور جواب داخل کرانے کے لیے تین ہفتوں کی مہلت طلب کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

عدالت نے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

فیصل واؤڈا پر کاغذات نامزدگی جمع کراتےوقت دہری شہریت چھپانے کا الزام ہے۔

تازہ ترین