نواز شریف کے بعد پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بھی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے آصف زرداری کی شرکت کی تصدیق کردی۔
آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شریک ہوں گے، نواز شریف بھی گذشتہ روز بلاول کی دعوت پر اے پی سی میں ویڈيو لنک کے ذریعے شرکت پر آمادگی ظاہر کرچکے ہیں۔
حکومت مخالف اپوزيشن اتحاد کی آل پارٹیز کانفرنس کل پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہوگی۔
کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کرنے سے جماعت اسلامی نے معذرت کرلی ہے۔
نواز شریف کا ورچوئل خطاب دکھانے کے لیے اقدامات
مسلم لیگ (ن) نے اپنے قائد نواز شریف کا آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب دکھانے کے لیے اقدامات تیز کردیے ہیں۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کا اے پی سی سے ورچوئل خطاب عوام کو دکھانے کے اقدامات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کا خطاب سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے سے دکھایا جائے گا۔
گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوازشریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا۔
انہوں نے سابق وزیراعظم سے ان کی طبیعت کے بارے میں استفسار کیا اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
پیپلز پارٹی کے مطابق بلاول بھٹو نے نوازشریف کو اے پی سی میں ورچوئل طریقے سے شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی تھی۔
مریم نواز نے بھی اب نواز شریف کی اے پی سی میں شرکت کی تصدیق کردی ہے اور سابق وزیراعظم کا خطاب دکھانے سے متعلق اقدامات شروع کردیے ہیں۔