• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی مداحوں کی محبت کو حد درجہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، اینگن التان

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)ارطغرل غازی ڈرامے سے پاکستان میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے ترک فنکار اینگن التان کے مداح ان کی پاکستان آمد کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ترک اداکار نے کہا کہ سراہا جانا کسی بھی فن کار کے لیے بہت خوش گوار تجربہ ہوتا ہے۔ میں اپنے بے شمار پاکستانی مداحوں کی محبت کو حد درجہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور ان کا احترام کرتا ہوں۔’ارطغرل غازی‘ کی مقبولیت کا ذکر کرتے ہوئے اینگن التان نے کہا کہ بنیادی طور پر ڈرامے کی مقبولیت کی کئی وجوہات ہیں، جیسے فن کاروں کی شاندار پرفارمنس، متاثر کُن کہانی، بہترین ڈائریکشن اور پروجیکٹ سے وابستہ ہر فرد کی انتھک محنت اور کام سے لگن۔اُن کے بقول ہر پروجیکٹ کی اپنی مشکلات اور مسائل ہوتے ہیں اور انہی مشکلات و مسائل پر قابو پانے کے بعد ہی اس کا صلہ ملتا ہے۔اینگن نے کہا کہ وہ بخوبی آگاہ ہیں کہ ʼارطغرل غازی کی مقبولیت کے بعد پرستاروں کی اُن سے وابستہ توقعات بڑھ گئی ہیں، اس لیے وہ کوشش کریں گے کہ پرستاروں کے معیار پر ہمیشہ پورا اُتریں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ نہ صرف جلد پاکستان جانے کے خواہش مند ہیں بلکہ پچھلے دنوں اسلام آباد میں ایک تعمیراتی پروجیکٹ کی تقریبِ رونمائی کے لیے وہ پاکستان جانے والے تھے لیکن پھر ایسی وجوہات آڑے آئیں جس کے سبب اُنہیں معاہدے سے الگ ہونا پڑا۔اپنے ایک بیان میں اینگن نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام کی محبت سے بخوبی آگاہ ہیں، اس لیے مستقبل قریب میں کسی اور موقع پر پاکستان ضرور جائیں گے۔ اُن کے بقول وہ بھی پاکستان اور پاکستان کے عوام سے محبت کرتے ہیں۔’ارطغرل غازی’کے فن کاروں نے پاکستان اور اس کے عوام سے اظہارِ محبت کے لیے ہی سوشل میڈیا کے ذریعے عید اور یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پاکستانی پرستاروں کے لیے اردو میں پیغامات بھی بھیجے تھے جنہیں پاکستان کے عوام میں خوب پذیرائی ملی تھی۔

تازہ ترین