• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنے نام رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد گھر بیٹھے ہی معلوم کرلیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز سندھ نے عوام کی سہولت کے لئے ایس ایم ایس سروس متعارف کروائی ہے اب کوئی بھی شخص اپنا شناختی کارڈ نمبر 8147 پر ایس ایم ایس کرکے اپنے نام رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد گھر بیٹھے ہی معلوم کرسکتا ہے۔

اس سروس کا مقصد گاڑیوں کی چوری، غیر قانونی استعمال اور دیگر جرائم کی حوصلہ شکنی کرنا ہے انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مذکورہ سہولت پہلے سے ہی محکمے کی ویب سائٹ موجود ہے اور رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد معلوم کرنے کے لئے اب یہ سہولت ایس ایم ایس کے ذریعے بھی مہیا کردی گئی۔

صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے مزید بتایا کہ اس سہولت کے باعث عوام کو نہ صرف وقت اور پیسے کی بچت ہوگی بلکہ محکمہ ایکسائز سندھ کے دفاتر پر بھی دباو کم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سندھ کا مقصد عوام کو جدت کے ساتھ سہولیات فراہم کرنا ہے اور اب لوگوں کی بھی ذ مہ داری ہے کہ وہ اپنے ٹیکسز بروقت ادا کرکے قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

تازہ ترین