• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوگر ملز، ایف آئی اے کو حمزہ سے جیل میں بیان لینے کی اجازت

لاہور(نمائندہ جنگ) احتساب عدالت لاہور نے ایف آئی اے کو کوٹ لکھپت جیل میں قید حمزہ شہباز کا بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دیدی،حمزہ شہباز سے العربیہ،رمضان شوگر ملزاور شریف فیڈ اور ڈیری ملز کے حوالے سے بیان ریکارڈ کرے گی جبکہ سلمان شہباز کے ملازم ایف آئی اے میں پیش، 9.5 ارب ملازمین کے اکاونٹ میں ہیں۔ 

دریں اثنا ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے جیل میں بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت طلب کی ۔ احتساب عدالت میں موقف اپنایا گیا کہ حمزہ شہباز العربیہ، رمضان شوگر مل سمیت دیگر کمپنیوں کے ڈائریکٹر ہیں،کیس کی تفتیش میں حمزہ شہباز کا بیان انتہائی اہمیت کا حامل ہے،حمزہ شہباز اس وقت جیل میں قید ہیں جہاں ان کا بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دی جائے۔ 

دریں اثناءایف آئی اے لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے چھوٹے بیٹے سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاؤنٹس میں بھی 9.5 ارب روپے کا انکشاف کیا ہے ۔ یہ ملازمین رمضان شوگر مل اور العریبیہ شوگر مل میں کام کرتے ہیں۔ ایف آئی اے نے ان اکاؤنٹس کی تفصیلات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کر دی ہیں ۔ 

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سلمان شہباز کے چپڑاسی مقصود کے بینک اکاؤنٹ میں 2.3 ارب روپے کا انکشاف ہوا ہے اور مقصود چپڑاسی نے ان پیسوں سے ڈیڑھ کروڑ روپے کی ایک قیمتی کار بھی خریدی جبکہ شبیر قریشی کلرک کے اکاؤنٹ میں ایک ارب، رانا وسیم کے اکاؤنٹ میں 24 کروڑ، اقرار کے اکاؤنٹ میں 64 کروڑ، تنویر الحق کلرک کے اکاؤنٹ میں 52 کروڑ، خضر حیات اکاؤنٹ کلرک کے اکاؤنٹ میں 1.2 ارب روپے، توقیر الدین کے اکاؤنٹ میں 45 کروڑ روپے جمع کروائے گئے اور اس میں سے کچھ رقم نکلوائی بھی گئی ۔

تازہ ترین