اسلام آباد (طاہر خلیل) ملک میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں‘ الیکشن کمیشن 4 اکتوبر کو انتخابی فہرستیں آویزاں کر دے گا۔ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی و دیگر ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لئے حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت 4 اکتوبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رائے دہندگان کی سہولت کے پیش نظر گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8300 شارٹ میسج سروس کو اپ ڈیٹ کردیا ہے لہٰذا رائے دہندگان حتمی انتخابی فہرستوں کے مطابق اپنے ووٹ کے اندراج کو اس سروس کے ذریعے چیک کرسکتے ہیں۔ رائے دہندگان اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات کے علاوہ دفتر ضلعی الیکشن کمشنر کا رابطہ نمبر‘ الیکشن کمیشن کی ہیلپ لائن کا نمبر اور الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ لنک کی تفصیل بھی حاصل کرسکتے ہیں۔