• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شان کا میڈم نور جہاں کے گھر کو میوزیم میں تبدیل کرنیکا مطالبہ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے معروف اداکار شان شاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملکہ ترنم نور جہاں کے گھر کو میوزیم میں تبدیل کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے خیبرپختونخوا میں تاریخی مقامات کی بحالی کے لیے 5 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔جن تاریخی مقامات کی بحالی کے لیے رقم مختص کی گئی تھی ان میں بولی وڈ کے لیجنڈری اداکاروں راج کپور اور دلیپ کمار کے آبائی گھر بھی شامل تھے۔راج کپور اور دلیپ کمار کے علاوہ پشاور میں شاہ رخ اور ونود کھنہ سمیت دیگر بولی وڈ اداکاروں کے بھی آبائی گھر موجود ہیں۔اس خبر پر اداکار شان شاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ افسوس میڈم نور جہاں کا گھر پلازہ بن گیا ہے، ہمارے لیجنڈز بھی اس کے حقدار ہیں۔شان شاہد کی ٹوئٹ پر ادکار واسع چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں نشاندہی کی کہ نور جہاں نے وہ گھر اپنی مرضی سے فروخت کیا تھا جبکہ ان کا دوسرا گھر مکمل طور پر ایک الگ کہانی ہے۔جس کے جواب میں شان شاہد نے کہا کہ حکومت کو اس گھر کی ادائیگی کرنی چاہیے تھی اور اسے میوزیم میں تبدیل کرنا چاہیے تھا۔تاہم واسع چوہدری ان کی اس بات سے متفق نہیں ہوئے اور لکھا کہ میں آپ سے اختلاف کرتا ہوں، حکومت نے میڈم نور جہاں کو سول ایوارڈز اور دیگر اعزازات سے ان کی زندگی میں ہی نواز دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ گھر ان کی نجی ملکیت تھا اور ان کا گھر خریدنے کا (خاص طور پر اس وقت جب انہیں رقم کی ضرورت بھی نہیں تھی) کوئی جواز نہیں بنتا اور ہمارے ملک کی معاشی صورتحال بھی ایسی نہیں تھی۔

تازہ ترین