کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم یونس خان کو بیٹنگ کوچ کے لئے طویل المعیاد معاہدے کی پیشکش کرنا چاہتے ہیں۔ ان سے معاملات میٹنگ میں طے کریں گے۔ منگل کو نمائندہ جنگ سے بات چیت میں وسیم خان نے کہا کہ امکان ہے کہ میری یونس خان سے ملاقات آئندہ ہفتے ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے دورے میں یونس خان کی رپورٹ حوصلہ افزا ہے پی سی بی چاہتا ہے کہ عظیم بیٹسمین کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے تاکہ وہ اپنے منصوبوں کی تکمیل کرسکیں۔ مستقبل میں یونس خان مزید کہاں اور کس رول میں خدمات انجام دیں گے یہ تفصیلات طے کی جا رہی ہیں ۔گزشتہ ہفتے وسیم خان کی لاہور میں عدم موجودگی اور مصروفیات کے باعث یونس خان سے ملاقات نہ ہو سکی۔ قومی ٹیم کے علاوہ ایج گروپ ٹیموں کے لئے یونس خان کی خدمات لی جائیں گی ۔ یونس خان کے کام کو ہر سطح پر سراہے جانے کے بعد فیصلہ بھی کیا گیاہے۔