• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عملہ کی عدم توجہ، مچھروں کی افزائش کا گڑھ نظر انداز

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی اور دیگر متعلقہ اداروں کی طرف سے اپنے اور پرائے کا فرق کئے جانے کی وجہ سے شہر میں ڈینگی پھر سے پھیل سکتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ انسداد ڈینگی کے نام پر عام لوگوں کے کمروں اور باتھ روم تک گھس جانے والوں کو تالاب کی شکل میں مچھروں کی افزائش کا گڑھ نظر نہیں آتا۔ اطلاعات کے مطابق صادق آباد سی بلاک میں ایک نجی ہسپتال سے متصل عمارت میں مکینوں نے پولٹری فارم بنا کر ایک ہزار کے قریب مرغیاں رکھی ہوئی ہیں۔ عمارت کی بیسمنٹ کو گہرا کرنے کیلئے مزید کھدائیاں کی گئی ہیں جہاں ہروقت پانی موجود رہتا ہے اور بیسمنٹ مچھروں کی افزائش کی آماجگاہ بن چکی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے تحریری شکایات کے بعد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سی ای او کو کارروائی کی ہدایت کی جس پر دو بلڈنگ انسپکٹرز پرویز اور شاہد رضا نے مچھروں کی بہتات اور غیر قانونی پولٹری فارم کی تصاویر اور وڈیوز بنانے کے بعد اسے سربمہر کرنے کی بجائے محض تنبیہہ کرتے ہوئے وارننگ نوٹس عمارت پر چسپاں کر دیا۔ بعدازاں شکایت کنندگان نے مذکورہ انسپکٹر سے رابطہ کیا تو اُن کا کہنا تھا کہ اگرچہ اس جگہ کو فوری سیل ہونا چاہئے تھا لیکن علیٰ افسران نے منع کیا ہے جس وجہ سے وہ مزید کارروائی نہیں کر سکتے۔ اہلیان علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور کمشنرو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مذکورہ جگہ کا خود دورہ کریں اور نہ صرف بلڈنگ مالکان بلکہ کارپوریشن کے متعلقہ عملے اور افسران کیخلاف بھی کارروائی کریں۔
تازہ ترین