• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زمبابوے کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی، سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا

زمبابوے کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی، سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا


کراچی(اسٹاف رپورٹر)زمبابوے کی حکومت سے باضابطہ اجازت ملنے کے بعدپاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ تین ون ڈے میچوں پرمشتمل سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا۔زمبابوے کو دونوں طرز کی کرکٹ کے لیے اپنا 32 رکنی اسکواڈ ہمراہ لانے کی درخواست کی گئی ہے جو اس دوران اپنے وارم اپ میچز بھی آپس میں کھیلیں گے۔ ملتان میں کھیلی جانے والی اس سیریز کے دیگر دو میچز یکم اور تین نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے راولپنڈی میں 7، 8 اور 10 نومبر کو ہوں گے۔جنگ نے دو ہفتے قبل میچ ملتان اور پنڈی میں کرانے کی خبر دی تھی۔پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں اپنی مہم کا آغاز زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی سیریز سے کرے گی۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ دراصل آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے، جہاں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 12 ممالک سمیت ہالینڈ کی ٹیم ایکشن میں نظر ہو گی۔ اس ایونٹ کی سات بہترین ٹیمیں اور ایک میزبان ملک کو میگا ایونٹ میں رسائی ملے گی۔ سپر لیگ میں شامل ہر ٹیم کو چار ہوم اور چار اوے سیریز میں شرکت کرنی ہے۔کوویڈ19 پروٹوکولز کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم اپنا پہلا کوویڈ19 ٹیسٹ ہرارے سے کروانے کے48 گھنٹے بعد پاکستان کے لیے اڑان بھرے گی۔ ان کے اسکواڈ میں شامل تمام افراد کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ ان کی اسلام آباد آمد پر لیا جائے گا۔جن کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کا اسلام آباد میں لیا گیا ٹیسٹ منفی آئے گا انہیں ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ اس دوران اگر کسی فرد کے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آتی ہے تو اسے5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارنے ہوں گے اور اس دوران اس کے مسلسل 2 کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے لازمی ہوں گے۔زمبابوے کے خلاف سیریز بند دروازوں میں کھیلی جائے گی۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز کے میچ کے اوقات اور ٹریننگ کے شیڈول کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہناہے کہ سری لنکا، بنگلہ دیش، ایم سی سی اور پی ایس ایل کے بعد اب زمبابوے کے خلاف سیریزسے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے افق پر اپنا تشخص ایک پرامن اور محفوظ ملک کی حیثیت سے منوالیا ہے۔ اس سیریز کی تصدیق سے دنیا کو یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ پاکستان نےبہت کامیاب انداز سے کورونا وائرس کی وباء پر قابو پایا ہے۔ذاکر خان نے کہا کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ2023 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے باعث یہ سیریز پاکستان کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ سپرلیگ کاایک ایک پوائنٹ بہت قیمتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک منظم حکمت عملی کے تحت زمبابوے کے خلاف میچز ملتان اور راولپنڈی میں منعقد کروارہے ہیں کیونکہ 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہنے والا قومی ٹی ٹونٹی کپ بھی انہی 2 وینیوز پر کھیلا جارہا ہے، لہٰذا جب تک زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئے گی ہمیں ان دونوں وینیوز پر بائیو سیکیور ہوٹلز، کھلاڑیوں کی آمد ورفت سمیت گراؤنڈ اور ڈریسنگ روم میں موجود تمام افراد کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کوویڈ19 پروٹوکولز کے نفاذ کا وسیع تجربہ ہوچکا ہوگا۔

تازہ ترین