• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی، اقلیتوں کے مذہبی حقوق کا بل کثرت رائے سے مسترد

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)قائمہ کمیٹی بر ائے مذہبی امور کا اجلاس ہوا جس میں اقلیتوں کےمذہبی حقوق کابل کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا،حافظ عبدالکریم نے کہا کہ حقوق اقلیتوں کو نہیں مسلمانوں کو دیے جائیں،توہین رسالت والابیرون ملک چلا جاتاہے۔

سینیٹر کیشوبائی نے کہا کہ کیا انصاف لینے بھارت جائیں، وفاقی وزیر بر ائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ اکتوبر میں سعودی عرب نے عمرہ کو سخت ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حج معاہدے تاحال شروع نہیں ہوئے۔ 

کورونا کے باعث صورتحال کا جائزہ لیکر فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روزسینٹ کی قائمہ کمیٹی بر ائے مذہبی امور کے اجلاس میں بتائی ۔ سنیٹر مو لا ناعبد الغفور حیدری نے اجلاس کی صدارت کی۔

سنیٹر جاوید عباسی نےکہا کہ حضور اکرم ﷺ نے اقلتیوں کے حقوق کے تحفظ کا پورا خیال رکھا تھا،ہمیں اقلیتوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ لے لئے مزید قانون سازی کرنا چاہے۔

نور الحق قادری نے کہا کہ اس بل کی میں نے سینیٹ میں مخالفت نہیں کی تھی، پہلی کلاس سے چھٹی تک نصاب میں ایسا مواد شامل نہیں ہوگا جس سے مذہبی منافرت پھیلے، مذہبی جبری تبدیلی پر ایک کمیٹی کام کررہی ہے۔ 

اقلیتی کمیشن کا چئیرمین وزیر اعظم کی خواہش پر اقلیتی رکن کو مقرر کیا۔ سنیٹرحافظ عبدالکریم نے اقلیتوں کی بجائے مسلمانوں کو ملک میں حقوق دینے کا مطالبہ رکھ دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو پہلے ہی بہت زیادہ حقوق مل رہے ہیں،یہاں تو جو توہین رسالت کرتا ہے وہ ویزہ لیکر بیرون ملک چلا جاتا ہے۔

تازہ ترین