ملتان ( سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال سے سابق گورنر پنجاب کے صاحبزادے ملک آصف رفیق رجوانہ اور مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما عثمان خان بابر نے ان کی ملتان آمد پر علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر ان رہنماؤں میں ملکی، سیاسی، ن لیگ کی تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا اور میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف،حمزہ شہباز پر جھوٹے مقدمات پر اظہار مذمت کیا گیا۔ احسن اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام کو اس دوراہے پر لاکھڑا کیا ہے جہاں سے واپسی مشکلات سے بھرپور ہوگی، نااہل اور اقتدار پرست حکمرانون نے ملک کا دو سال میں بھٹہ بٹھا دیا ہے، سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکمرانوں کے جانے کا وقت قریب ہے، اپوزیشن نے ان سے جان چھڑانے کا تہیہ کر لیا ہے۔