کراچی/ حیدرآباد(تجمل حسین/اعجاز احمد) سپر ہائی وے ایم نائین موٹروے پر جو کھیو موڑ نوری آباد پرحیدرآباد سے مسافروں کو کراچی لے جانے والی وین میں اچانک آگ لگنے کے باعث جھلس کر خواتین اور بچوں سمیت 13 مسافر جل کرجاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی فوری اطلاع پر موٹر وے پولیس پہنچ گئی امدادی کاروائیاں شروع کردیں۔
اطلاعات کے مطابق حیدرآباد جے علاقے لطیف آباد نمبر7 اسٹینڈ سے شام 7بجے ڈرائیور سمیت 23 مسافروں کو لے کر کراچی آنے والے ایک مسافر وین جے ایف 6882 سپر ہائی وے پر نوری آباد کے علاقے میں جوکھیو موڑ کے قریب وین میں اچانک آگ لگنے کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر الٹ گئی تھی اور وین کو آگ نے لپیٹ میں لے لیا تھا۔
فوری اطلاع پر موٹر وے پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا، موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق وین حیدر آباد سے کراچی آ رہی تھی، امدادی کارروائی کے دوران ایک بچے سمیت 10 افراد کو زخمی حالت میں وین سے نکال لیا گیا ہے۔
زخمی بچے کی شناخت لطیف آباد حیدرآباد کے رہائشی محمد شاہ رخ کے طور پر ہوئی ہے، لطیف آباد وین اڈے کے اسٹارٹر کے مطابق وین نمبر جے ایف 6882 لطیف حیدرآباد سے 23 مسافروں کو لے کر 7 بجے اڈے سے نکلی تھی۔
رابطہ پر ڈی ایس پی نوری آباد نظر محمد ڈیشک نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں 13 مسافر ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں اور جان حق مسافروں کو نوری آباد کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ايس ايس پي جامشورو محمد انور کھیتران کی جانب سے نوری آباد حادثے سے متعلق معلومات کی فراہمی کیلئے انفارمیشن سیل قائم کر دیا گیا ہے۔