اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے الیکشن مقررہ وقت پر کروائے جائیں اور ان میں ایجنسیوں کی مداخلت نہ ہو۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے لئے ایڈمنسٹریٹو افسران کی بجائے جوڈیشل افسران کو لگایا جائے، اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے گلگت بلتستان کے حوالے سے پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس بلانا ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی سیکرٹری جنرل نیر بخاری اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا،پی پی رہنما ئوں نے کہاکہ پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس لیڈر آف ہاؤس بلا سکتے ہیں۔ اے پی سی کی تمام جماعتیں سپیکر کی طرف سے گلگت بلتستان کے حوالے سے بلائے گئے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گی۔